بی جے پی جھوٹ اور افواہ پھیلا رہی ہے،شیوسیناکاحملہ جاری
ممبئی، 27؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی پرشدید حملہ بولتے ہوئے شیوسینانے آج الزام لگایا کہ اس کی اتحادی ساتھی کی سیاست جھوٹ اورافواہیں پھیلانے کی ہے اور دہلی سے لے کر مہاراشٹر تک وہ سچ بولنے والے لوگوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔شیوسینا کے ترجمان اخبار’سامنا‘کی کاپیاں جلانے کی دھمکی دینے والے ایک مقامی بی جے پی لیڈرکو سخت جواب دیتے ہوئے شیوسینانے کہا کہ ایسا کرنا آر ایس ایس کے نظریات اوروزیراعظم نریندرمودی کے بنیادی خیالات کو آگ کے حوالے کرنے جیسا ہوگا۔سامنا کے اداریہ میں کہا گیاہے کہ سیاست گندی ہو گئی ہے۔ہر کسی کو تنقید کا حق ہے لیکن سچ بولنے کی کوشش کرنے والے لوگوں کی آوازیں دہلی سے لے کر مہاراشٹر تک دبائی جا رہی ہیں۔یہ اقتدار کے نشہ کے ذہن پر حاوی ہو جانے کی مثال ہے۔شیو سینا کے کارکنوں نے گزشتہ ہفتے بی جے پی کے ریاستی ترجمان مادھو بھنڈاری کے پتلے نذرآتش کئے تھے کیونکہ انہوں نے پارٹی کی میگزین ’منوگت ‘میں لکھے ایک مضمون میں ادھو ٹھاکرے کو اس اتحاد سے نکل جانے کا چیلنج دیا تھا۔بعد میں بی جے پی کی ممبئی یونٹ کے صدر آشیش شیلار نے شیوسینا یا اس کے ترجمان اخبار کا نام لیے بغیر مبینہ طور پر کہا تھا کہ اس کی پارٹی کو بھی اپنے لیڈروں کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی مخالفت کرنے کا جمہوری حق ہے اور بی جے پی کے کارکنان بھی اخبار کو جلا سکتے ہیں۔’سامنا‘نے شیلار کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ شیوسینا کے سامنے چیلنج پیش کر رہے ہیں، وہ ایک طرح سے اپنے ہی کپڑے جلا رہے ہیں۔اداریہ میں کہا گیاہے کہ بہت سے لوگ افواہوں کا بازار لگاتے ہیں اور وہاں خواب فروخت کرتے ہیں۔افواہیں پھیلانا جرم ہے لیکن بی جے پی کی سیاست جھوٹ اور افواہ پھیلانے پر ہی ٹکی ہے۔اگر وہ سامنا جلانے کی بات کرتے ہیں تو انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ یہ ہندوتو کے خیال کو اور آر ایس ایس کے نظریات کو وزیر اعظم مودی کے اصل خیالات کے ساتھ جلانے جیسا ہے۔اداریہ میں کہا گیا کہ اگر شیوسینا کے خلاف ایسے حملے جاری رہتے ہیں تو پارٹی مودی کی طرف سے تیار کی جا رہی ہرا سمارٹ سٹی میں پاگلوں کے کم از کم پانچ -دس اسپتا ل بنانے کی سفارش کرے گی۔